ذہنی امراض پر بھی جسمانی امراض کی طرح توجہ دینی چاہیئے۔
ذہنی بیماری کی بحالی اور بہتری میں خاندانوں کا سب سے اہم کردار ہے۔ یہ ہمارے لیے اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ دن میں تین وقت کا کھانا۔
کئی بار ہم اپنے اردگرد دوسرے لوگوں کے بارے میں یہ تاثر رکھتے ہیں کہ اس کا دماغ خراب لگتا ہے، وہ بالکل پاگل ہے، اس سے کیا بات کروں اس کا دماغی توازن درست نہیں ہے۔ یا یہ محض نفسیاتی ہے، لیکن کیا ہم نے کبھی غور کیا ہے کہ جو لوگ ذہنی امراض میں مبتلا ہوتے ہیں، ان کے اہل خانہ پرکیا گزرتی ہے؟
انگلش میں خبریں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں
چونکہ 1998 سے پاکستان میں قومی صحت کا سروے نہیں ہو سکا ہے، تازہ ترین خبر کے مطابق ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔
ماہرین نفسیات کے مطابق ذہنی امراض میں مریض افسوسناک طور پر مختلف، غیر ارادی خیالات میں مبتلا ہو جاتا ہے جس سے وہ ذہنی طور پر تھک جاتا ہے اور ان خیالات کے نتیجے میں وہ مفلوج ہو جاتا ہے اور بالآخر اپنی معمول کی زندگی سے کنارہ کشی اختیار کر لیتا ہے۔
بائی پولر ڈس آرڈر
ہمارے ملک میں بائی پولر ڈس آرڈر انتہائی عام ہے۔ یہ حالت ہر 100 میں سے ایک شخص کو متاثر کرتی ہے۔ جب کسی مریض کو یہ بیماری ہوتی ہے تو اداسی کی علامات ہوتی ہیں، تاہم جب مریض دوسرے پول میں ہوتا ہے تو مریض غصے میں آجاتا ہے اور اس کا ڈپریشن مینیا ہائپر ایکٹیویٹی (وہ ذہنی کیفیت جب مریض کے جذبات شدت اختیار کرلیتے ہیں)بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نفسیات کے مطابق اگر خاندان میں کسی کو یہ مرض لاحق ہو تو آنے والی نسلوں میں اس کے رونما ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں تاہم بائی پولر ڈس آرڈر ان لوگوں میں زیادہ ہوتا ہے جن کے خاندان میں ذہنی عارضے زیادہ ہوتے ہیں۔
بائی پولر ڈس آرڈر ایک سنگین بیماری ہے، لیکن جلد تشخیص اور علاج کے ساتھ، مریض مکمل طور پر معمول کی زندگی میں واپس آسکتا ہے۔
انزائٹی ڈس آرڈر
ہمارے ارد گرد بہت سے لوگ حد سے زیادہ صاف ستھرے ہوتے ہیں، لیکن اگر یہ صفائی ان کی سوچ پر حاوی ہو جائے تو یہ او سی ڈی ، یا اوبسیسیو کمپلسیو ڈس آرڈر کا باعث بن سکتی ہے۔
ڈاکٹر یاسرہ گوہر گیلانی نے اس بیماری کو بے چینی کا عارضہ قرار دیا جس میں مریض کو بار بار ایک ہی خیال آتا ہے اور وہ پوری کوشش کے باوجود اس سے چھٹکارا حاصل نہیں کر پاتا۔ یہ اکثر ایک خودکار خیال ہوتا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا مگر مریض اس سوچ سے پیچھا نہیں چھڑا پاتا۔
انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ عام طور پر ہم سب صحت کا خیال رکھتے ہیں اور مطمئن رہتے ہیں لیکن اس بیماری میں کوئی اطمینان نہیں ہوتا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ کتنی ہی کوشش کریں، میل صاف نہیں ہوگا۔ جیسے جب کوئی شخص کپڑوں کو چھوتا ہے تو اسے لگتا ہے وہ میلے ہوگئے جس کی وجہ سے مریض کو بہت زیادہ ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس کے علاوہ بہت زیادہ سوچنے کی وجہ سے اس ڈس آرڈر کا شکار مریض روتے بھی ہیں کیونکہ بہت زیادہ سوچنا تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔
پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر
جب ہم کسی حادثے سے گزرتے ہیں، جیسا کہ کسی عزیز کا غیر متوقع حادثہ ، ہماری آنکھوں کے سامنے قتل، ڈکیتی، یا کسی کے ساتھ زیادتی، یہ ہمارے وجود کو ہلا کر رکھ دیتا ہے اور ہماری ذہنی صحت پر اس کا نمایاں اثر پڑتا ہے۔
اس کے بعد، متاثرشخص کا دماغ حادثے سے دوچار ہو جاتا ہے، اور وہ صدمے کا شکار ہو جاتا ہے اور کام کرنے سے قاصر ہو جاتا ہے۔
کیا ذہنی امراض کا علاج ممکن ہے؟
سب سے پہلے اور سب سے اہم بات، ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ کوئی بھی ذہنی بیماری کسی ایک وجہ سے نہیں ہوتی، اور ذہنی بیماریوں کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ ہماری طرح ذہنی طور پر بیمار مریض بھی نارمل زندگی گزار سکتا ہے۔
لوگوں میں امید پیدا کرنے اور علم کو بڑھانے کی ضرورت ہے کہ جس طرح دیگر بیماریاں قابل علاج ہیں اور طبی امداد سے ان کو ٹھیک کیا جا سکتا ہے، اسی طرح ذہنی بیماریاں کو بھی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے اور علاج و معالجے سے ان کا علاج بھی کیا جا سکتا ہے۔
طبی معاونت حاصل کرنے کے بعد ان کی شادی ہوتی ہے، بچےہوتے ہیں، وہ اپنے مالی فرائض کو پورا کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ یہاں اہم بات یہ ہے کہ مریض اپنی بیماری کو کتنی اچھی طرح سے سمجھتا ہے اور کتنی جلدی اس کی علامات کو پہچانتا ہے، اپنے ماہر نفسیات سے رابطہ کرتا ہے اور علاج کرواتا ہے۔
پہلے مرحلے میں، ہم بیماری کی علامات کو کنٹرول کرنے کے لیے دوا کا استعمال کرتے ہیں۔ جب وہ کنٹرول میں ہوتے ہیں، تو اگلا مرحلہ فارماکولوجیکل تھراپی کا ہوتا ہے تاکہ مریض کو مزید نفسیاتی تکلیف کا سامنا کرنے سے روکا جا سکے۔ تھراپی کا کام اہم ہے، اور ذاتی تجربے سے، میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ جب مریض خود کو ڈاکٹر کے حوالے کر دیتا ہے اور ڈاکٹر کو اپنا مسیحا ماننا شروع کر دیتا ہے، تو وہ آپ کو پوری طرح سمجھتا ہے۔ وہ بلاشبہ آپ کی ہدایات کی تعمیل کرے گا اور تھراپی جاری رکھے گا۔
نیوز کے مطابق وزارت قومی صحت نے 2021 میں پارلیمنٹ میں ایک رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں ذہنی امراض کی سالانہ شرح 12.7 فیصد ہے۔
ادویات کے حوالے سے غلط فہمیاں
ہمارے معاشرے میں دماغی امراض کے علاج اور نسخے کے بارے میں بہت زیادہ شکوک و شبہات اور غلط فہمیاں پائی جاتی ہے، وہ یہ کہ جو دماغی امراض کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوائیں جتنی مفید ہیں، اس کے اتنے ہی مضر اثرات بھی ہوتےہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ نفسیاتی علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کے نہ ہی کوئی مضر اثرات ہوتے ہیں نہ زیادہ نیند آتی ہے اور نہ ہی ذہن ماؤف ہوتا ہے۔
جن مریضوں کے اہل خانہ ان کی ذہنی حالت کو سمجھتے ہیں اور ان کی مدد کرتے ہیں ان کے صحت یاب ہونے اور بحالی کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔
جس طرح ہم جسمانی بیماریوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، اسی طرح ذہنی بیماریوں کو بھی اسی طرح کی توجہ اور دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔