ٹورنٹو: سینئر پاکستانی اداکار محمد قوی خان 80 سال کی عمر میں اتوار کے دن کینیڈا میں انتقال کر گئے۔وہ کینیڈا میں زیر علاج تھے۔
ذرائع کےمطابق سینئر پاکستانی اداکار محمد قوی خان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا کہ اداکار کچھ عرصے سے کافی بیمار تھے ان کا علاج کینیڈا میں کیا جا رہا تھا۔
پاکستان کے اس بہترین اداکار کو پرائیڈ آف پرفارمنس، نگار ایوارڈ اور ستارہ امتیاز سےبھی نوازا گیا۔ محمد قوی نے 200 کے قریب فلموں میں کام کر کےمداحوں کے دل میں اپنی جگہ بنائی۔ ان کی اداکاری کو متعدد سپر ہٹ ٹی وی سیریلز، اسٹیج ڈراموں میں بھی دیکھا گیا آپ نے ریڈیو پر بھی بھر پور پرفارم کیا۔
انگلش میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے معروف فنکار محمد قوی خان کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کوئی شک نہیں کہ قوی خان نے فلموں، ٹیلی ویژن، اسٹیج اور ریڈیو میں کام کرکے اپنی صلاحیتوںکو مداحوں کے سامنے پیش کیا اور لوگوں میں بے انتہا مقبولیت حاصل کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز ان کی فنی صلاحیتوں کا اعتراف ہیں۔
انہوں نےبطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیرئیر کا آغاز ریڈیو پشاور سے کیا جس میں اپنی فطری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے محمد قوی خان کے بارے میں مزیدکہا کہ”اندھیرا اجالا” اور “لاکھوں میں تین” میں ان کی اداکاری کو لوگ آج بھی نہیں بھولتے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینئر اداکار قوی خان کی وفات پاکستانی فن کے شعبے کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔