سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دبئی پہنچ گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کراچی سے خصوصی پرواز سے دبئی روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ دونوں عیدالاضحی منائیں گے۔
انگلش میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری عید کے بعد وطن واپس پہنچیں گے، دونوں کی دبئی میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری چین کے دورے کے بجائے دبئی روانہ ہو گئے۔ 26 جون کو انہیں چین کے شہر تیانجن کے تین روزہ دورے پر روانہ ہونا تھا۔ شیڈولنگ مسائل کی وجہ سے دورہ چین ملتوی کر دیا گیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ(ن) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی دبئی میں ہیں اور ابھی کل ہی وہاں پہنچے ہیں۔ دبئی انتظامیہ انہیں ایک مخصوص پروٹوکول بھی دے رہی ہے۔
آج نواز شریف شاہی خاندان کے افراد اور کاروباری شعبے سے ملاقات کریں گے۔ مریم نواز اپنے والد کے ہمراہ موجود ہوں گی۔
نواز شریف دبئی میں قیام کے بعد سعودی عرب اور ابوظہبی جائیں گے۔ سعودی عرب میں تقریباً ایک ہفتہ گزارنے کے بعد وہ دبئی واپس آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق دبئی فی الوقت پاکستانی سیاست کا گڑھ رہے گا اور اس کے نتیجے میں متعدد سیاسی رہنماؤں کی وہاں آمد متوقع ہے۔
نواز شریف آئندہ چند روز کے دوران دبئی میں متعدد سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔