کراچی، اس وقت پورے ملک میں جہاں مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی ہے وہیں ماں جی فاؤنڈیشن کی جانب سے ضرورت مند افراد کے لئے آٹا 100 روپے فی کلو جبکہ فی روٹی 10 روپے میں دستیاب ہے۔
مہنگائی کی اس بے قابو لہر کی وجہ سے ہر غریب پریشان ہے ایسے میں ماں جی فاؤنڈیشن غریبوں کے لئے اچھی امید لے کر ابھری ہے۔ جو سفید پوش لوگوں کو پیٹ بھرنے کے لئے آٹا 100 روپے کلو اور روٹی 10 روپے میں مہیا کر رہا ہے۔
ماں جی فاؤنڈیشن کے سربراہ جناب ریاضت الرحمٰن جو ایک ریٹائر افسر ہیں جن کا تعلق پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ سے رہا ہے جنہوں نے مہنگائی کے خلاف جہاد کر کے انتہائی سستے داموں آٹا اور روٹی فروخت کرنا شروع کیا ہے جس سے ہر ایک ضرورت مند مستفید ہو رہا ہے۔
انگلش میں خبریں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں
ریاضت الرحمٰن وہ شخص ہیں جن کے ساتھ نہ کسی بڑے ادارے کا نام ہےاورنہ ہی لمبا چوڑا فنڈ لیکن ان کی ہمت کی داد دینی پڑے گی کیونکہ اس وقت جب عوام مہنگائی کے شدید ترین قرب سے گزر رہی ہے مختلف ادارے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہیں وہیں گلشن اقبال 13-ای کے رہائشی جناب ریاضت الرحمٰن نے بھی کمر کس لی ہے۔
انہوں نے بتایا کے وہ خود مارکیٹ سے آٹا 150 روپے فی کلو لے رہے ہیں جبکہ ضرورت مندوں کو 100 روپے فی کلو میں فروخت کر رہے ہیں۔
ریاضت الرحمٰن کا کہنا ہے کہ میرامقصد ہمیشہ یہی رہا ہے کہ ضرورت مندوں کی کسی نہ کسی طرح مدد کرتا رہوں۔ یہ میں ان غریب لوگوں کے لئے کر رہا ہوں جن کے گھر مہنگائی کی وجہ سے چولہا بھی نہیں جل پا رہا میں چاہتا ہوں کے میرا کوئی پاکستانی بھائی بھی بھوکا نہ سوئے ہر مستحق کے گھر یہ آٹا پہنچے ان کا کہنا ہے کہ
اپنے لئے تو سبھی جیتے ہیں میں دوسروں کے لئے جینا چاہتا ہوں۔
انہوں نے انتہائی کم وسائل میں علاقے کے ضروت مند اور متوسط طبقے کو روزانہ 100 روپے کلو آٹا فروخت کر رہے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے سستی چپاتی مہیا کرنے کا بھی بیڑا اٹھایا ہے۔
آٹا اور روٹی فروخت کے اوقات کار
رمضان المبارک میں ماں جی فاؤنڈیشن نے دونوں اشیاء کے فروخت کے اوقات کار بھی بتائے ہیں ان کے اسٹال پر آٹا دوپہر 4 بجے سے شام 6 بجے تک حاصل کیا جا سکتا ہے جبکہ چپاتی شام 6 بجے سے رات 1 بجے تک دستیاب ہے۔
عوام کا اظہار خیال
ایک شخص نے ماں جی فاؤنڈیشن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفید پوش کبھی اپنی پریشانی نہیں بتاتا وہ خاموشی سے آ کر اس اسٹال سی روٹی اور آٹا سستے داموں لے جائے گا۔
ایک شخص کا کہنا ہے کہ ہم 10 روپے کی سستی روٹی خرید کر خوش ہیں ہر جگہ اس وقت روٹی 20 سے 25 روپے میں مل رہی ہے۔
ایک اور فرد نے کہا کہ یہ واقعی ایک اچھا کم شروع کیا گیا ہے اگر ہر فرد اس میں تھوڑی تھوڑی مدد بھی کرتا رہا تو یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہے گا۔
ریاضت الرحمٰن کے بھائی جناب عبادت الرحمٰن کا کہنا تھا کہ میرے بھائی نے ایک نیک کام کی ابتدا کی ہے الله انہیں اس میں کامیابی عطا کرے۔ یہ ہمیشہ خدمت خلق کے جذبے سے سر شار رہے ہیں۔
ماں جی فاؤنڈیشن کے سربراہ ریاضت الرحمٰن کی مخیر حضرات سے اپیل۔
مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی استطاعت کے مطابق اس نیک کام میں ہمارا ساتھ دیں۔