پاکستان کے نامور موسیقار اور اداکار علی ظفر نے 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے دل جشن بولے کے سرکاری ترانے پر شائقین کی مایوسی کے جواب میں متبادل ترانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
علی ظفر نے اپنی حب الوطنی اور اپنے ہنر کو اپنے ملک کی خدمت کے لیے استعمال کرنے کی لگن پر زور دیتے ہوئے مدد کرنے کی خواہش کا اعلان کیا۔
انگلش میں خبریں پڑھنے کےلئے یہاں کلک کریں
دل جشن بولے ترانے کی ویڈیو میں شائقین کرکٹ کے جوش و خروش کو سمیٹنے کی کوشش کی گئی، تاہم لوگوں کو یہ گانا پسند نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی۔
اسی دوران پاکستانی شائقین نے گلوکار علی ظفر سے ورلڈ کپ کا ترانہ جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔
شائقین کے پرجوش مطالبے پر علی ظفر نے اعلان کیا کہ وہ ورلڈ کپ کا ترانہ بنائیں گے۔
یوٹیوب اور سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے پاس لطف اندوز ہونے کے بہت کم مواقع ہوتے ہیں، اور لوگ چاہتے ہیں کہ کرکٹ، کے ترانے ایسے ہوں جو دھوم مچائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اس بار میں صرف اپنی تعریف نہیں سننا چاہتا، بلکہ اس بار ہم جمہوری طریقے سے ترانہ بنا رہے ہیں، جس میں آپ لوگوں کی تعریف کی جائے گی۔
گلوکار نے کہا کہ آپ مجھے فیس بک، انسٹاگرام، ٹویٹر اور یوٹیوب ویڈیوز کے کمنٹ سیکشن پر ٹیگ کرکے، اپنی دھن، گانے کے بول اور اپنے آئیڈیاز مجھ سے شیئر کرسکتے ہیں۔
علی ظفر ملک کے سب سے بڑے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ترانے بنانے میں نمایاں رہے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے ورلڈ کپ 2023 کی میزبانی کرے گا، جو 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک جاری رہے گا۔