پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں تھانہ علی مسجد کی حدود کے اندر خودکش بم دھماکہ ہوا ہے جس میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ہو گئے۔
اشفاق انور سی سی پی او پشاور کے مطابق یہ خودکش بم دھماکہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں ہوا جس کے نتیجے میں ایک ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے اور ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔
انگلش میں خبریں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں
ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں مشکوک افراد کی موجودگی کی خبر ملی تھی جس پر ایڈیشنل ایس ایچ او اپنی نفری کے ساتھ وہاں پہنچے تو حملہ آور نے ان کو دیکھ کر فوراََ وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
سی سی پی او کا دعویٰ ہے کہ جب پولیس نے حملہ آور کا تعاقب کیا تو حملہ آور مسجد میں داخل ہوا اور وہاں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات کے مطابق ایک مشکوک شخص کو موقع سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بی ڈی ایس کی ایک ٹیم بھی موجود ہے، اور فی الحال تلاشی مہم جاری ہے۔
پولیس کے معتبر ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے کسی کے فرار ہونےکی بھی اطلاع ہے۔